ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان، انسدادِ دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر صدارت کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 13 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان، انسداد دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایس ایس پی ٹریفک، سی ٹی ڈی، ایس پی کینٹ، سپیشل برانچ، سوشل ویلفیئر، انڈسٹریز، کنٹونمنٹ بورڈ، ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ فورم نے نیشنل ایکشن پلان اور صوبائی ایکشن پلان پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں انسداد دہشت گردی، سوشل میڈیا اور سائبر سپیس کی نگرانی، نفرت انگیز مواد کے خلاف کارروائی، منشیات فروشی کی روک تھام، غیر قانونی اسلحہ، غیر قانونی سپیکٹرم اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور ضابطہ اخلاق پر مؤثر عملدرآمد کے لیے علماء کرام کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔فورم نے مدارس اصلاحات اور رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے غیر رجسٹرڈ مدارس کی جلد رجسٹریشن یقینی بنانے، ریکارڈ کی بروقت تکمیل اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام، جنگلاتی لکڑی کی سمگلنگ کے سدباب، سگنلز کے ایشوز کے حل اور خلاف ورزیوں پرخلاف سخت کارروائیوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں آن لائن جوئے اور غیر قانونی ویب سائٹس کے بڑھتے ہوئے رحجان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو نوجوان نسل کے تحفظ کے لیے مؤثر آگاہی مہم اور قانونی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور تعاون کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات، ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی اسلحہ، غیر قانونی سمز اور دیگر جرائم کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔








