نمل نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالكريم العیسیٰ کو اعزازی پی ایچ ڈی سے نواز دیا

نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالكريم العیسیٰ کو انسانیت، عالمی امن، بین المذاہب ہم آہنگی، اعتدال پسندی اور فروغِ علم کے لئے ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹر آف فلاسفی (پی ایچ ڈی) کی ڈگری سے نواز دیا۔ یہ اعزاز پیر کو نمل میں منعقدہ تیسرے خصوصی کانووکیشن 2026 کے دوران دیا گیا۔

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالكريم العیسیٰ کو انسانیت، عالمی امن، بین المذاہب ہم آہنگی، اعتدال پسندی اور فروغِ علم کے لئے ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹر آف فلاسفی (پی ایچ ڈی) کی ڈگری سے نواز دیا۔ یہ اعزاز پیر کو نمل میں منعقدہ تیسرے خصوصی کانووکیشن 2026 کے دوران دیا گیا۔ تقریب میں سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی، وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر وجیہہ قمر، ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی ، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر محمد رفیق خان، پرو ریکٹر ریسرچ اینڈ سٹریٹجک انیشی ایٹوز ڈاکٹر سفیر اعوان، فیکلٹی اراکین، ماہرین تعلیم، طلبہ و طالبات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

اعزازی ڈگری وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد عبدالكريم العیسیٰ نے اس اعزاز پر نمل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لئے باعثِ فخر ہونے کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام اور نمل انتظامیہ کی جانب سے ملنے والی محبت، احترام اور مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لئے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے ملک میں امن، استحکام اور اتحاد کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)شاہد محمود کیانی نے کہا کہ جامعات محض علم کی منتقلی کے مراکز نہیں بلکہ ایسے ادارے ہیں جہاں معاشرے کا اجتماعی شعور تشکیل پاتا ہے اور نئی نسلیں اپنے مستقبل کا تعین کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علمی تعاون، تحقیقی روابط، زبانوں کی تعلیم اور بین الثقافتی ہم آہنگی اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے مؤثر ذرائع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد عبدالكريم العیسیٰ کی نمل آمد پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط قبرادرانہ تعلقات کی عکاس ہے اور علم، اعتدال، مکالمے اور عالمی تعاون کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔ وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر وجیہہ قمر نے ڈاکٹر محمد عبدالكريم العیسیٰ کو اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے پر نمل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور دنیا بھر میں امن و رواداری کے فروغ کے لئے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نمل زبانوں، ثقافتوں اور بین الثقافتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور تعلیم کے ذریعے مختلف اقوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا مضبوط مظہر قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر محمد عبدالكريم العیسیٰ نے نمل کی وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات قلم بند کئے جبکہ بعد ازاں شرکاء کے ساتھ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوائی گئی۔