ملتان میں مون سون بارشوں سے قبل نکاسی آب کے انتظامات مکمل کیے جائیں،ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت نکاسی آب کے مسائل کے فوری حل اور مون سون بارشوں سے قبل پیشگی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) محسن نثار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) حافظ محمد مدثر

ملتان ۔ 13 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت نکاسی آب کے مسائل کے فوری حل اور مون سون بارشوں سے قبل پیشگی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) محسن نثار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) حافظ محمد مدثر، منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ واسا حکام نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مون سون کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے واسا کو وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری اربوں روپے مالیت کے میگا سیوریج منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں سے قبل شہر بھر میں نکاسی آب کے تمام انتظامات ہر صورت مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر تمام مشینری، ڈسپوزل اسٹیشنز اور فیلڈ اسٹاف کو مکمل طور پر فعال اور الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے جامع اور مو¿ثر پلان تیار کر لیا گیا ہے، جس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری میگا منصوبوں کی تکمیل سے شہر میں سیوریج اور نکاسی آب کے دیرینہ مسائل کا مستقل حل ممکن ہوگا اور شہریوں کو جدید، موثر اور بہتر نکاسی آب کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ بھرپور انداز میں کام کرنے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔