وزیر صنعت و تجارت سے سے یونیسیف وفد کی ملاقات ،صوبے میں بچوں کی بہبود کے پروگراموں بارے تبادلہ خیال کیا

وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین سے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے چیف آف فیلڈ آفس پنجاب رمیض بہبودوو نے ملاقات کی جس دوران یونیسیف کے پنجاب میں تعلیم،صحت،سکل ڈویلپمنٹ،بچوں کی بہبود اور دیگر پروگراموں بارے بات چیت ہوئی۔

لاہور۔13جولائی (اے پی پی):وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین سے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے چیف آف فیلڈ آفس پنجاب رمیض بہبودوو نے ملاقات کی جس دوران یونیسیف کے پنجاب میں تعلیم،صحت،سکل ڈویلپمنٹ،بچوں کی بہبود اور دیگر پروگراموں بارے بات چیت ہوئی۔ پیسک ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں یونیسف کی ماہر تعلیم سحر رضا جعفری اور ڈی جی پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سارہ رشید بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے دوران بچوں کی فلاح،صاف پانی، تحفظ ماحولیات، تعلیم،خصوصی تعلیم اور دیگر شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ چیف آف فیلڈ آفس پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن سے آراستہ کرنے کے باعث پنجاب میں چائلڈ لیبر میں کمی آئی ہے ،یونیسف کاادارہ پاکستان میں 1948سے کام کررہا ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں ادارے کے پروگرام کامیابی سے جاری ہیں،یہاں یونیسف کے پروگراموں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

وزیر صنعت و تجارت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں یونیسف بچوں کی فلاح،تعلیم،صحت اور دیگر شعبوں میں شاندار کام کررہا ہے، اس کے ساتھ سکل ڈویلپمنٹ،صاف پانی، تعلیم،صحت اور دیگر شعبوں میں اشتراک بڑھانے کےلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ تحفظ ماحولیات کے حوالے سے اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق صوبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کےلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو بھٹوں سے ہٹا کرجدید علوم سے آراستہ کیا جا رہا ہے، ہنرمند بچوں کی جاب پلیسمنٹ کےلئے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جاب پورٹل بنایا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی زیر قیادت وزارت اوور سیز پاکستانیز نے عمان، سعودی عرب اور اٹلی میں ہنرمند افرادی قوت بھجوانے کےلئے معاہدے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں ای وی سیکٹر کے فروغ کےلئے سنجیدہ ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ فین سازی،سرامکس اور فرنیچر انڈسٹری میں گجرات شہرت رکھتا ہے اور یہاں کا بنا ہوا فرنیچر یورپی ممالک کو برآمد ہوتا ہے، یونیسف گجرات ڈویژن میں سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ٹیکنیکل معاونت فراہم کر سکتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیوٹا کے اداروں میں پہلی بار چائنیز کے علاوہ جرمن،عربی،کورین اور جیپنیز زبانوں کے کورسز شروع کرائے گئے ہیں۔

مزید خبریں