راولپنڈی میں دہشت گردی، اقدام قتل، چوری، منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث 15 ملزمان گرفتار

راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران دہشت گردی، اقدام قتل، چوری، امانت میں خیانت، تشدد، ناجائز اسلحہ، شراب فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق پیرودھائی پولیس نے دہشت گردی اور اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب مرکزی ملزم کو گرفتار کیا، جو رواں سال مئی سے پولیس کو مطلوب تھا۔

راولپنڈی۔13جولائی (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران دہشت گردی، اقدام قتل، چوری، امانت میں خیانت، تشدد، ناجائز اسلحہ، شراب فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق پیرودھائی پولیس نے دہشت گردی اور اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب مرکزی ملزم کو گرفتار کیا، جو رواں سال مئی سے پولیس کو مطلوب تھا۔ مقدمے کے مطابق ملزم نے سابقہ رنجش پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک شہری کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔ اسی تھانے کی پولیس نے زمین کے تنازع پر شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ایک ملزم اور ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی اطلاع دینے والے ایک شخص کو بھی گرفتار کر لیا۔

رتہ امرال پولیس نے موٹرسائیکل چوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث دو رکنی گینگ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چھ مسروقہ موٹرسائیکل اور 20 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے، جبکہ وارث خان پولیس نے امانت میں خیانت کے مقدمے میں مطلوب ایک اشتہاری کو گرفتار کر لیا، جو 2024 سے مفرور تھا۔ صدر بیرونی، بنی اور پیرودھائی پولیس نے کارروائیوں کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 55 لیٹر شراب برآمد کر لی، جبکہ تھانہ سٹی، رتہ امرال، چکلالہ اور صدر بیرونی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے چھ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔