لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل نے الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرکے جاری تزئین و آرائش، اپ گریڈیشن اور دیکھ بھال کے منصوبوں کا جائزہ لیا اور ثقافتی معیار و عوامی خدمات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹرالحمرا کا الحمرا کلچرل کمپلیکس کا دورہ

مزید خبریں
لاہور۔13جولائی (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل نے الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ادارے کے ثقافتی معیار اور عوامی خدمات کو مزید موثر بنانے کے لیے جاری تزئین و آرائش، اپ گریڈیشن اور دیکھ بھال کے مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے ایڈمنسٹریٹو بلاک، الحمرا میوزیم اور کلچرل کمپلیکس اوپن ائیر و دیگر اہم شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار، دیکھ بھال کے انتظامات اور سہولیات کی بہتری کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں اعلی معیار، شفافیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ الحمرا کی خدمات مزید موثر اور معیاری بن سکیں۔ محمد نواز گوندل نے مختلف دفاتر کا بھی دورہ کیا، دفتری امور اور افسران و ملازمین کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور احساسِ ذمہ داری کو ایک موثر ادارے کی بنیادی اقدار قرار دیتے ہوئے تمام افسران اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنی حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل، دیانت داری اور ذمہ داری کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی خدمت کے تقاضے بہترین انداز میں پورے کریں۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی اصل طاقت صرف جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ اس کے افسران اور ملازمین کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور ادارے سے وابستگی میں مضمر ہوتی ہے، الحمرا میں ہم جدید سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ایسے مضبوط انتظامی نظام کے فروغ پر بھی یکساں توجہ دے رہے ہیں جو بہترین طرزِ حکمرانی کو یقینی بنائے اور فنکاروں، طلبہ اور عوام کے لیے ایک باوقار، منظم اور مثالی ماحول فراہم کرے۔








