ستھرا پنجاب پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کا تاریخ ساز عوامی منصوبہ ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی انیل سعید کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں ستھرا پنجاب ایجنسی کے امور سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اٹک۔ 13 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی انیل سعید کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں ستھرا پنجاب ایجنسی کے امور سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی منیجر، تمام تحصیل منیجرز، فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع بھر میں جاری صفائی آپریشن، ویسٹ مینجمنٹ، فیلڈ مانیٹرنگ، مشینری کی کارکردگی، عملے کی حاضری، شہری علاقوں اور دیہی مراکز میں صفائی کی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ افسران نے اپنی اپنی تحصیلوں میں جاری سرگرمیوں، درپیش مسائل اور اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی انیل سعید نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک تاریخ ساز اور عوام دوست منصوبہ ہے، جس کا مقصد صوبہ بھر میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں ستھرا پنجاب ایجنسی بھرپور انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر شہروں، قصبوں، بازاروں، شاہراہوں، پارکوں، گرین بیلٹس اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے، تمام مشینری اور افرادی قوت کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے اور ہر تحصیل میں مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں۔انیل سعید نے مزید کہا کہ فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے، صفائی کے عمل کی روزانہ نگرانی کی جائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں ستھرا پنجاب ایجنسی کی سرگرمیاں پوری تندہی اور مؤثر انداز میں جاری رہیں گی۔ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے، ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ضلع اٹک کو صاف، خوبصورت، سرسبز اور مثالی ضلع بنانے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، دیانت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتے رہیں گے۔