اسرائیلی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں کام پر جانے والے فلسطینی نوجوان کو رکاوٹ عبور کرنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
مشرقی بیت المقدس ،اسرائیلی فوج نے کام پر جانے والے فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا

مزید خبریں
رام اللہ۔14جولائی (اے پی پی):اسرائیلی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں کام پر جانے والے فلسطینی نوجوان کو رکاوٹ عبور کرنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
عرب نیوز نے فلسطینی وزارتِ صحت کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ روز 30 سالہ فلسطینی نوجوان ناصر کعبنہ کو اس وقت فائرنگ کر کے شہید کر دیا جب وہ مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع قصبے بیر نبالہ کے قریب رکاوٹ عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔مقبوضہ بیت المقدس گورنریٹ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ناصر کعبنہ اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کے لیے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنی ملازمت پر جانے کی کوشش کر رہا تھا ۔ گورنریٹ کے میڈیا دفتر کے مطابق فلسطینی نوجوان سینے میں گولی لگنے سے موقع پر ہی شہید ہو گیا۔ اسرائیل نے 1967 سے اپنے زیرِ قبضہ مغربی کنارے میں رہنے والے تقریباً 30 لاکھ فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر مختلف پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج یا آبادکاروں کے ہاتھوں 1,087 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔








