سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سرگودھا ملک محمد طاہر نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بسم اللہ ٹرانسپورٹ (سرگودھا تا نارووال) کے خلاف زائد کرایہ وصول کرنے، مسافروں کو ٹکٹ جاری نہ کرنے اور عملے کے نامناسب رویے سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئےاسے چالان کرنے کے بعد بند کر دیا
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سرگودہا کی کارروائی، زائد کرایہ وصولی پر نجی ٹرانسپورٹ کمپنی بند کر دی

مزید خبریں
سرگودھا۔ 14 جولائی (اے پی پی):سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سرگودھا ملک محمد طاہر نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بسم اللہ ٹرانسپورٹ (سرگودھا تا نارووال) کے خلاف زائد کرایہ وصول کرنے، مسافروں کو ٹکٹ جاری نہ کرنے اور عملے کے نامناسب رویے سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئےاسے چالان کرنے کے بعد بند کر دیا ۔
ترجمان کے مطابق شکایت میں بتایا گیا تھا کہ مذکورہ بس، جو روزانہ دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے سرگودھا سے روانہ ہو کر مریدکے اور نارووال جاتی ہے، مریدکے کا کرایہ 1300 روپے جبکہ نارووال کا 1800 روپے وصول کر رہی تھی، جو مقررہ کرایوں سے زائد ہے۔ مزید یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ مسافروں کی بکنگ فون پر کی جاتی ہے اور انہیں باقاعدہ ٹکٹ فراہم نہیں کیے جاتے تاکہ کسی قسم کا تحریری ثبوت موجود نہ رہے۔ شکایت میں عملے کے نامناسب اور غیر اخلاقی رویے کا بھی ذکر کیا گیا۔سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر نے شکایت موصول ہوتے ہی متعلقہ گاڑی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے چالان کرنے کے بعد بند کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ زائد کرایہ وصول کرنے، ٹکٹ جاری نہ کرنے اور مسافروں سے بداخلاقی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی بھی گاڑی کے خلاف زائد کرایہ وصول کرنے یا مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی کی شکایت درست ثابت ہوئی تو مزید ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے مسافروں سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔








