وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پمز ملک کا سب سے بڑا ریفرل ہسپتال ہے جہاں روزانہ سات سے نو ہزار مریض علاج کے لیے آتے ہیں
پمز ملک کا سب سے بڑا ریفرل ہسپتال ، یومیہ سات سے نو ہزار مریض علاج کے لیے آتے ہیں،وفاقی وزیر برائے قومی صحت

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پمز ملک کا سب سے بڑا ریفرل ہسپتال ہے جہاں روزانہ سات سے نو ہزار مریض علاج کے لیے آتے ہیں جبکہ مریضوں اور تیمارداروں کی مجموعی تعداد 30 سے 40 ہزار تک پہنچ جاتی ہے۔منگل کو جاری بیان میں وزیر صحت نے کہا کہ بڑے ہسپتالوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث حکومت اسلام آباد میں 28 بنیادی مراکزِ صحت کو فعال اور جدید بنانے پر کام کر رہی ہے تاکہ عام بیماریوں کا علاج مقامی سطح پر ممکن ہو اور بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پمز میں پاکستان کے پہلے سرکاری شعبے کے پلسڈ فیلڈ ایبلیشن پروگرام اور پمز کارڈیک سینٹر کے اپ گریڈیشن کے پہلے مرحلے کی تکمیل اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں پیشنٹ فیسلیٹیشن اسسٹنٹ سروس کا بھی آغاز کر دیا گیاہے۔انہوں نے بتایا کہ پمز کارڈیک سینٹر کی توسیع پر 7.2 ارب روپے لاگت آئی جبکہ مزید 90 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے اسے جدید کارڈیک ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہےجہاں مستحق مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت دل کے امراض میں مبتلا 4 مریضوں کا دنیا کی جدید ترین کیتھیٹر ایبلیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے کامیاب علاج کیا گیا۔ ان مریضوں میں اسلام آباد، آزاد کشمیر اور مردان سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ پمز کے ماہرین کے مطابق پلسڈ فیلڈ ایبلیشن روایتی ریڈیو فریکوئنسی اور کریو ایبلیشن کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، موثر اور تیز رفتار طریقہ علاج ہے، جس میں اردگرد کے صحت مند ٹشوز کو کم سے کم نقصان پہنچتا ہے، پیچیدگیوں کا خطرہ کم ہوتا ہے اور مریض جلد صحت یاب ہوتا ہے۔








