پی سی بی نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو لنکا پریمیئر لیگ میں شرکت کی اجازت دےدی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو سری لنکا میں ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے این او سی جاری کر دیا ہے، جس کے بعد وہ پہلی مرتبہ اس لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے

لاہور۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو سری لنکا میں ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے این او سی جاری کر دیا ہے، جس کے بعد وہ پہلی مرتبہ اس لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی ایل پی ایل کے دوران کینڈی رائلز کی نمائندگی کریں گے۔ انہیں حال ہی میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، جبکہ وہ بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کا بھی حصہ نہیں بن سکے تھے۔اس حوالے سے قومی سلیکٹر اور ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ہر کرکٹر کو اپنے کیریئر کے دوران یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ وہ کس فارمیٹ پر زیادہ توجہ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ ٹیسٹ سیریز اور لنکا پریمیئر لیگ کے شیڈول ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔اس وقت شاہین شاہ آفریدی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری وائٹ بال کیمپ میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت کرنے والے شاہین نے حالیہ آسٹریلیا سیریز میں پاکستان کو 1-2سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور سات وکٹیں حاصل کرکے مشترکہ طور پر سیریز کے کامیاب ترین بولرز میں شامل رہے تھے۔