ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن ایبٹ آباد میں جدید ریڈیالوجی کے موضوع پر شاندار نیشنل سمپوزیم کا انعقاد

ایوب میڈیکل کالج و ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں جدید ریڈیالوجی اور مریضوں کو معیاری تشخیصی سہولیات کی فراہمی کے موضوع پر ایک شاندار نیشنل سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔

ایبٹ آباد۔ 14 جولائی (اے پی پی):ایوب میڈیکل کالج و ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں جدید ریڈیالوجی اور مریضوں کو معیاری تشخیصی سہولیات کی فراہمی کے موضوع پر ایک شاندار نیشنل سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ سمپوزیم میں ملک بھر سے ریڈیالوجی کے ممتاز ماہرین، کنسلٹنٹس، فیکلٹی ممبران، ٹرینی ڈاکٹرز اور طبی شعبہ سے وابستہ افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ترجمان ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے مطابق سمپوزیم کا انعقاد شعبہ ریڈیالوجی کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر عظمت اور ان کی ٹیم کی جانب سے کیا گیا جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی ڈین و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن پروفیسر ڈاکٹر عرفان الدین خٹک تھے۔ سمپوزیم کے دوران ریڈیالوجی کے شعبہ میں ہونے والی جدید تحقیق، جدید تشخیصی ٹیکنالوجی، پیچیدہ بیماریوں کی بروقت تشخیص اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف سائنسی موضوعات پر تفصیلی لیکچرز دیئے گئے۔ اس موقع پر شرکاء کیلئے عملی تربیتی نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں جدید امیج گائیڈڈ طریقہ علاج اور تشخیص سے متعلق ماہرین نے عملی رہنمائی فراہم کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ جدید طبی تعلیم، تحقیق اور عملی تربیت کے ذریعہ نہ صرف ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ممکن ہے بلکہ مریضوں کو عالمی معیار کی تشخیصی اور علاج کی سہولیات بھی فراہم کی جا سکتی ہیں۔ سمپوزیم میں شریک ماہرین نے ایوب میڈیکل کالج و ٹیچنگ ہسپتال کی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے علمی پروگرام طبی شعبہ میں جدید رجحانات کو فروغ دینے اور نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عرفان الدین خٹک نے منتظمین کو کامیاب سمپوزیم کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن مستقبل میں بھی ایسے بین الاقوامی معیار کے علمی اور تحقیقی پروگراموں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ ہزارہ سمیت پورے ملک کے طبی شعبہ کو مزید مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔