چین جزائر سولومن کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے، وزیر خارجہ

چین نے کہا ہے کہ وہ جزائر سولومن کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ چین اور جزائر سولومن کے تعلقات کو مسلسل نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔

بیجنگ۔15جولائی (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ وہ جزائر سولومن کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ چین اور جزائر سولومن کے تعلقات کو مسلسل نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔

سی جی ٹی این کے مطابق یہ بات چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے گزشتہ روز جزائر سولومن کے وزیر خارجہ و غیر ملکی تجارت ریک ہونی پویلا سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے بحرالکاہل کے جزیرہ نما ممالک کے تعلقات کی ترقی کا مقصد جنوب جنوب تعاون کو مضبوط بنانا اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اس میں نہ کوئی جغرافیائی سیاسی مقصد پوشیدہ ہے ،نہ ہی کسی نام نہاد اثرورسوخ کے دائرے کے قیام اور نہ ہی اسے کسی تیسرے فریق کی مداخلت کا نشانہ بنایا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بحرالکاہل کے جزیرہ نما ممالک کو اپنے ترقیاتی شراکت داروں کا آزادانہ انتخاب کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ اس موقع پر جزائر سولومن کے وزیر خارجہ و غیر ملکی تجارت ریک ہونی پویلا نے کہا کہ جزائر سولومن مضبوطی سے ایک چین کے اصول پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن اور ترقی کے لئے چین کی خدمات قابل قدر ہیں جبکہ چین کا ترقیاتی تجربہ جزائر سولومن اور بحرالکاہل کے دیگر جزیرہ نما ممالک کے لئے سیکھنے کے قابل ہے۔