اوپن اے آئی سکرین کے بغیر موبائل سمارٹ سپیکر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے ، بلوم برگ

مصنوعی ذہانت کی کمپنی اوپن اے آئی (OpenAI) جلد صارفین کے لیے سکرین کے بغیر موبائل سمارٹ سپیکر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے

سان فرانسسکو۔15جولائی (اے پی پی):مصنوعی ذہانت کی کمپنی اوپن اے آئی (OpenAI) جلد صارفین کے لیے سکرین کے بغیر موبائل سمارٹ سپیکر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جسے مصنوعی ذہانت کے دور کے لیے ایک نئی قسم کا گھریلو کمپیوٹر قرار دیا جا رہا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق بلوم برگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ڈیوائس تاحال تیاری کے مرحلے میں ہے اور اسے گھر میں موجود انسان نما اے آئی معاون (AI Companion) کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔رپورٹ کے مطابق یہ سمارٹ سپیکر گھریلو سمارٹ آلات کو کنٹرول کرنے، آڈیو اور دیگر میڈیا چلانے، سوالات کے جواب دینے، پیغامات کا جواب دینے اور چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) کی مختلف صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔