سعودی عرب ، سرخ گردن والے شتر مرغ کی افزائشِ کے پروگرام کے مثبت نتائج حاصل

سعودی عرب کی امام عبدالعزیز بن محمد رائل ریزرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سرخ گردن والے شتر مرغ (آسٹرچ) کی افزائشِ نسل کے پروگرام کے مثبت نتائج حاصل کیے ہیں۔

ریاض۔15جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کی امام عبدالعزیز بن محمد رائل ریزرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سرخ گردن والے شتر مرغ (آسٹرچ) کی افزائشِ نسل کے پروگرام کے مثبت نتائج حاصل کیے ہیں۔

ایس پی اے کے مطابق شتر مرغ کی اس نسل کی افزائش کے لیے خصوصی پروگرام کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس نایاب پرندے کے لیے اس کے مطابق قدرتی ماحول فراہم کیا گیا ۔ سرخ گردن والا شتر مرغ ان انواع میں سے ایک ہے جو تاریخی طور پر جزیرہ نمائے عرب خاص طور پر نجد کے صحرائے الدھنا سے وابستہ ہے، اس کی آبادی کو مضبوط بنانے سے ماحولیاتی توازن برقرارر رکھنے اور قدرتی ماحولیاتی نظام کی پائیداری میں مدد ملتی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق روضہ خریم میں شتر مرغ کے بچوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو مثبت علامت ہے۔ روضہ خریم کو خاص ماحولیاتی اور تاریخی اہمیت حاصل ہے، یہ مقام ذات الرئال(شتر مرغ کے بچے)کے نام سے بھی معروف ہے کیونکہ یہاں شتر مرغ کے بچوں کو رکھا جاتا ہے۔

شتر مرغ کی افزائش نسل کا پروگرام دو مرحلوں پر مشتمل ہے، پہلے مرحلے میں قدرتی گھونسلوں کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے جس کے دوران انڈے دینے اور ان سے بچے نکلنے کا مشاہدہ کیا جاتا ہے۔دوسرے مرحلے میں افزائش کی کامیابی کے امکانات کو بڑھانے کے لیے کچھ انڈوں کو خصوصی انکیوبیٹرز میں رکھا جاتا ہے تاکہ بچوں کی ابتدائی نشوونما بہتر طریقے سے کی جا سکے۔رائل ریزرو کے تحفظ جنگلی حیات پروگرام کا ہدف سرخ گردن والے شتر مرغ کی افزائش کو 30 فیصد سے بھی زیادہ کرنا ہے، اس مقصد کے لیے ویٹرنری معائنے، خوراک، نگہداشت اور قدرتی ماحول کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا بھی پروگرام میں شامل ہے۔