وزیراعلیٰ کے ویژن کے تحت بچوں کو محفوظ اور مثبت ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب ایم پی اے سارہ احمد نے صوبائی اسمبلی میں سولہ (16) سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کی قرارداد جمع کرا دی۔
پنجاب اسمبلی میں کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کی قرارداد جمع

مزید خبریں
لاہور۔15جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ کے ویژن کے تحت بچوں کو محفوظ اور مثبت ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب ایم پی اے سارہ احمد نے صوبائی اسمبلی میں سولہ (16) سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کی قرارداد جمع کرا دی۔
اس حوالے سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس طرح وزیراعلی ٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق ہر بچے کو محفوظ بچپن اور محفوظ ڈیجیٹل مستقبل فراہم کیا جائے گا کیونکہ بچوں کو سوشل میڈیا کے مضر اثرات، سائبر بلنگ، آن لائن استحصال اور غیر اخلاقی مواد سے محفوظ بنانا ریاست کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔چیئرپرسن سارہ احمد کی پیش کردہ قرارداد میں سولہ سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکائونٹس کے استعمال سے متعلق موثر قانونی اقدامات اور عمر کی تصدیق کا نظام متعارف کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک جن میں آسٹریلیا، فرانس، چین اور امریکا کی مختلف ریاستیں شامل ہیں، کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق قوانین اور عمر کی پابندیاں متعارف کرا چکے ہیں، بین الاقوامی رجحانات کے پیشِ نظر پاکستان میں بھی کم عمر بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کے لیے موثر قانون سازی ناگزیر ہے ، قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے موثر ریگولیٹری اور نگرانی کا نظام وضع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کے بہترین مفاد کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق ہر بچے کو محفوظ بچپن اور محفوظ ڈیجیٹل مستقبل فراہم کیا جائے گا۔








