نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل نورلان یرمیکبایف نے یہاں ملاقات کی جس میں تنظیم کی ترجیحات، علاقائی تعاون اور آئندہ اجلاسوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل نورلان یرمیکبایف نے یہاں ملاقات کی جس میں تنظیم کی ترجیحات، علاقائی تعاون اور آئندہ اجلاسوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، ٹرانسپورٹ، علاقائی روابط (کنکٹیویٹی) اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تعمیری گفتگو کی۔ فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لئے کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ایس سی او کے سیکرٹری جنرل نے تنظیم کے ذریعے علاقائی امن، استحکام اور تعاون کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے تنظیم کی فعالیت اور مؤثریت میں مزید بہتری کے لئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں اور نائب وزیراعظم کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ستمبر 2026 میں ایس سی او کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی چیئرمین شپ سنبھالنے سے قبل تمام رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان 2027 میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔







