چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا نوجوانوں کی ہنرمندی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

"چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے 40.58 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ یوتھ پروگرام کے ذریعے تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروباری مواقع کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔”

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں نوجوانوں کی ترقی کے لئے 40.58 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، وزیرِاعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو ہنر، تعلیم، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔

نوجوانوں کی ہنرمندی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ہنرمندی کا عالمی دن نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے، پاکستان کی نوجوان آبادی ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہے جنہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا قومی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں نوجوانوں کی ترقی کے لئے 40.58 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، نوجوانوں کے بجٹ کا دوسرا سب سے بڑا حصہ، 9.9 ارب روپے، پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے مختص کیا گیا ہے، پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے 523,000 سے زائد نوجوانوں کو فنی اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ نوجوان ملازمتیں تلاش کرنے والے نہیں بلکہ ملازمتیں پیدا کرنے والے بنیں، وزیرِاعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو ہنر، تعلیم، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مصنوعی ذہانت، بلاک چین، ڈیٹا سائنس اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان مستقبل کی عالمی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں، جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں اور فنی تربیت کا فروغ پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر نوجوان کو ایسی مہارتیں میسر ہوں جو اسے ملکی اور عالمی سطح پر کامیاب بنائیں، حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے لئے مساوی مواقع کی فراہمی کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے، آئیے، عالمی یوتھ سکلز دن پر ایک ہنرمند، خوداعتماد، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے عزم کی تجدید کریں۔

مزید خبریں