پاکستان میں بین الاقوامی بزنس ایونٹ میں چین کی 160 کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال

"وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحت کے شعبے کا ایک اہم بین الاقوامی بزنس ایونٹ منعقد ہوگا، جس میں چین کی تقریباً 160 کمپنیاں شرکت کریں گی، یہ ایونٹ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری، تعاون اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔”

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحت کے شعبے سے متعلق ایک اہم بین الاقوامی بزنس ایونٹ منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں چین کی تقریباً 160 کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر تقریباً 500 پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) کانفرنس منعقد ہوگی جس کا محور صحت کا شعبہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کانفرنس میں صحت کے شعبے کی چھ اہم کیٹیگریز پر توجہ دی جائے گی جن میں بائیوٹیکنالوجی، ویکسینز، کلینیکل ٹرائلز، ہربل میڈیسن سمیت دیگر متعلقہ شعبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت فارماسیوٹیکل صنعت کے لیے تقریباً 90 فیصد خام مال بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے تاہم اس کانفرنس کے ذریعے مقامی پیداوار، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے پاکستانی اور چینی کمپنیاں باہمی رابطے میں ہیں اور متعدد کاروباری ملاقاتیں پہلے ہی ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط بھی کیے جائیں گے جو دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اس اہم اقدام کی کامیابی میں ہارون اختر، قیصر احمد اور چین میں پاکستان کے سفیر نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پورا منصوبہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق آگے بڑھایا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری، مقامی صنعت کی ترقی اور صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

مزید خبریں