فیصل آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن میں غیر حاضری پر سخت ایکشن، 36 ملازمین کو بر خاست کرنے کی کارروائی شروع

میٹروپولیٹن کارپوریشن فیصل آباد میں غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن فیصل آباد کے مختلف شعبوں میں تعینات 36 ملازمین طویل عرصے سے بغیر اجازت غیر حاضر تھے

فیصل آباد۔ 15 جولائی (اے پی پی):میٹروپولیٹن کارپوریشن فیصل آباد میں غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن فیصل آباد کے مختلف شعبوں میں تعینات 36 ملازمین طویل عرصے سے بغیر اجازت غیر حاضر تھے۔ ان ملازمین کو متعدد بار ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایات دی گئیں، تاہم مسلسل غیر حاضری برقرار رہنے پر انہیں فوری طور پر ملازمت سے برخاست کرنے کے لیے باضابطہ کارروائی شروع کر دی گئی۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ 14 اہلکاروں کی غیر حاضری نسبتاً کم مدت کی تھی۔ ان ملازمین نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی کی درخواست دی جس پر متعلقہ حکام نے انسانی ہمدردی اور سابقہ سروس ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے 12 اہلکاروں کو سخت تنبیہ کے بعد بحال کر دیا جبکہ باقی 2 اہلکاروں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ اس کے علاوہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایک جونئیر کلرک کو بھی مسلسل غیر حاضری پر فوری طور پر ملازمت سے برطرف کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں نظم و ضبط، شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ اسی پالیسی کے تحت آئندہ بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، غیر حاضری یا فرائض میں غفلت برتنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

 

مزید خبریں