"وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈاکٹر آکاش کمار قتل کیس کے ملزمان کی 36 گھنٹوں میں گرفتاری پر سندھ پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، فوری ردعمل اور عوام کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہے۔”
وزیر داخلہ سندھ کا ڈاکٹر آکاش کمار قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری پر سندھ پولیس کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
کراچی۔ 15 جولائی (اے پی پی):وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈاکٹر آکاش کمار قتل کیس کے ملزمان کی محض 36گھنٹوں میں گرفتاری پر سندھ پولیس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی سندھ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت،فوری ردعمل اور عوام کے تحفظ کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر آکاش کمار کا قتل ایک نہایت افسوسناک، دلخراش اور قابلِ مذمت واقعہ تھا،جس نے پوری قوم کو غمزدہ کیا۔حکومت سندھ مقتول کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ کیس پولیس کے لیے انتہائی چیلنجنگ تھا،تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مربوط حکمت عملی،جدید تفتیشی ذرائع اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختصر ترین وقت میں ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر اپنی ذمہ داری احسن انداز میں نبھائی۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں انیل،رام چند اور سریش شامل ہیں، جنہیں ڈیفنس کے علاقے میں کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کرکے ان قبضے سے اسلحہ اور نقدی بھی برآمد کی گئی،جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی اور دو موٹر سائیکلوں کی بھی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ضیاء الحسن لنجار نے واضح کیا کہ وہ خود اس مقدمے کی تفتیش کی مسلسل نگرانی کریں گے، جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی بھی کیس کی ہر مرحلے پر خود سپرویژن کر رہے ہیں تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جائیں اور کوئی بھی مجرم قانون کی گرفت سے نہ بچ سکے۔انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت جاری کی کہ شہر کے تمام پوش اور حساس علاقوں میں سیکیورٹی مزید موثر بنائی جائے،پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس مقدمے میں ٹھوس شواہد، مضبوط تفتیش اور موثر چالان کے ذریعے ملزمان کو قانون کے مطابق مثالی سزا دلوانا یقینی بنایا جائے تاکہ یہ کیس جرائم پیشہ عناصر کے لیے عبرتناک مثال ثابت ہو اور آئندہ کوئی شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے کی جرات نہ کرسکے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے،امن و امان پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سندھ حکومت شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب انتظامی اور قانونی وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مجرم کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، قانون کی گرفت اور سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ کراچی کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور ایسے تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کیس میں مزید سہولت کاروں اور دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور قانون سے فرار کسی بھی صورت ممکن نہیں۔ حکومت سندھ اس امر کو یقینی بنائے گی کہ مظلوم خاندان کو مکمل اور بروقت انصاف فراہم ہو اور تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔








