"فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی پشاور کی کارروائی، غیر معیاری مصالحہ فیکٹری سیل، مالک گرفتار”
فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی پشاور کی کارروائی، مصالحہ فیکٹری سیل، مالک گرفتار

مزید خبریں
پشاور۔ 16 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کینٹ پشاور سید بشارت حسین نے فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جی ٹی روڈ پر واقع ایک مصالحہ فیکٹری پر چھاپہ مارا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ فیکٹری میں مصالحہ جات میں بھوسہ، کیمیکل اور دیگر مضرِ صحت اشیاء کی ملاوٹ کی جا رہی تھی، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ کارروائی کے دوران ملاوٹ شدہ مصالحہ جات اور دیگر متعلقہ سامان قبضے میں لے لیا گیا، فیکٹری کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا جبکہ مالک کو گرفتار کرکے اس کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کے مطابق عوامی مسائل کا بروقت حل اور محفوظ و معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی پوری سختی کے ساتھ جاری رہیں گی۔








