"صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان کا بٹگرام کا دورہ، تعلیمی امور کا جائزہ”
صوبائی وزیر تعلیم کا بٹگرام کا دورہ، تعلیمی مسائل کے فوری حل کے احکامات

مزید خبریں
پشاور۔ 16 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ارشد ایوب خان نے بٹگرام کا دورہ کیا،
جہاں انہوں نے محکمہ تعلیم سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق دورہ کے دوران صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد شعیب،سابق تحصیل چئیرمین عطاء اللہ خان ترند،سابق تحصیل ناظم نیازمحمدخان ترند،محکمہ تعلیم کے افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بٹگرام میں تعلیم کی مجموعی صورتحال، درپیش مسائل، تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور اداروں کی کارکردگی پر غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کے دوران محکمہ تعلیم کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے فوری اور مؤثر حل کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور عوام کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے بالخصوص بچیوں کی تعلیم کے فروغ کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ طالبات کو معیاری اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ حکومت اس سلسلے میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے گورنمنٹ سینٹینل ہائی سکول بٹگرام میں منعقدہ کھلی کچہری میں شرکت کی، جہاں انہوں نے محکمہ تعلیم کے ملازمین کے مسائل سنے۔ اس موقع پر متعدد مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے گئے جبکہ دیگر مسائل کے جلد از جلد حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دی گئیں۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری، عوامی مسائل کے بروقت حل اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔








