پاکستان نے والی بال چیمپئن شپ میں پانچویں پوزیشن کے میچ کیلئے کوالیفائی کر لیا

پاکستان نے اے وی سی بوائز انڈر18 والی بال چیمپئن شپ2026 میں پانچویں پوزیشن کے حصول کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو شکست دے کر پانچویں پوزیشن کے میچ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کوارٹر فائنل میں چین کیخلاف سخت مقابلے میں شکست کے باوجود کھلاڑیوں نے حوصلہ نہیں ہارا۔

لاہور۔17جولائی (اے پی پی):پاکستان نے اے وی سی بوائز انڈر18 والی بال چیمپئن شپ2026 میں پانچویں پوزیشن کے حصول کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو شکست دے کر پانچویں پوزیشن کے میچ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کوارٹر فائنل میں چین کیخلاف سخت مقابلے میں شکست کے باوجود کھلاڑیوں نے حوصلہ نہیں ہارا۔انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے بھرپور عزم اور کھیل کے بہترین جذبے کا مظاہرہ کیا اور اب ہماری کوشش ہے کہ تھائی لینڈ کو شکست دیکر ایشیا میں پانچویں پوزیشن حاصل کریں۔پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب اور صدر سہیل خاور میر نے قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کی فتح نوجوان ٹیم کے اعتماد، پختگی اور بہترین کھیل کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوارٹر فائنل میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد ذہنی طور پر واپسی آسان نہیں ہوتی،تاہم قومی کھلاڑیوں نے مضبوط کورین ٹیم کو شکست دیکر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر بین الاقوامی ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کا بہترین موقع ہوتا ہے اور اس چیمپئن شپ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے پاس غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل نوجوان کھلاڑی موجود ہیں،جو ایشیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم اپنے آخری میچ میں بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی۔صدر پی وی ایف نے کوچنگ اسٹاف، ٹیم مینجمنٹ اور پاکستان والی بال فیڈریشن کے حکام کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بہترین تیاری ہی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کی بنیاد بنی۔پاکستان اب پانچویں پوزیشن کے میچ میں18 جولائی کو تھائی لینڈ کے مدمقابل ہوگا۔یہ میچ چین کے شہر ہائیکو کے وو یوان ریور جمنازیم کے کورٹ نمبر ایک میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر2 بجے جبکہ پاکستان کے وقت کے مطابق صبح11 بجے کھیلا جائے گا۔

اس میچ کے نتیجے میں چیمپئن شپ میں پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا فیصلہ ہوگا۔پاکستان نے ایونٹ میں اب تک کرغزستان، قازقستان، تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا کو شکست دی ہے،جبکہ میزبان چین کیخلاف کوارٹر فائنل میں سنسنی خیز پانچ سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں معمولی فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پاکستان والی بال فیڈریشن نے شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی اور کامیابی کے لیے دعا کریں تاکہ ٹیم تھائی لینڈ کو شکست دیکر ایشیا میں پانچویں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے اپنی مہم کا کامیاب اختتام کر سکے۔

 

مزید خبریں