وزیراعلی خیبرپختونخوا کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی کا اجلاس،دیر موٹروے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ پر تعمیر کرنے کی اصولی منظوری

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی کا اجلاسمنعقد ہوا۔ وزیراعلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں دیر موٹر وے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ پر تعمیر کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا نے موٹر وے کی تعمیر کےلیے زمین کی خریداری کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔

پشاور۔ 18 جولائی (اے پی پی):وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں دیر موٹر وے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ پر تعمیر کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا نے موٹر وے کی تعمیر کےلیے زمین کی خریداری کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے ٹائم لائنز وضع کرنے اور منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فریم ورک میں ترامیم تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ دیر موٹروے منصوبہ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے، موٹر وے کی تعمیر سے ایندھن، وقت اور سفری اخراجات میں نمایاں کمی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیر موٹر وے سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس سے مالاکنڈ ڈویژن کے دور افتادہ سیاحتی علاقوں تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔ اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 29 کلومیٹر طویل دیر موٹر وے چکدرہ انٹرچینج سے بارون دیر لوئر تک تعمیر کی جائے گی۔ دیر موٹر وے منصوبے کا تخمینہ 69 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ اجلاس میں پشاور ڈی آئی خان اور سوات موٹر وے فیز ٹو پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔