سپریم کورٹ پاکستان کا آذربائیجان میں بین الاقوامی جوڈیشل ٹریننگ پروگرام میں کردار، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا متبادل تنازعاتی حل کے موضوع پر خطاب

سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی تعاون کے فروغ اور عدالتی نظام میں بہترین عالمی روایات کے تبادلے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ ایگزیکٹو جوڈیشل ٹریننگ پروگرام میں فعال شرکت کی، جہاں سپریم کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ماہرِ وسائل (ریسورس پرسن) کے طور پر خصوصی خطاب کیا۔

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی تعاون کے فروغ اور عدالتی نظام میں بہترین عالمی روایات کے تبادلے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ ایگزیکٹو جوڈیشل ٹریننگ پروگرام میں فعال شرکت کی، جہاں سپریم کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ماہرِ وسائل (ریسورس پرسن) کے طور پر خصوصی خطاب کیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ چار روزہ پروگرام حکومتِ پاکستان کی وزارت قانون و انصاف اور جمہوریہ آذربائیجان کی وزارت انصاف کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے ججوں، قانونی ماہرین اور انصاف کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے "متبادل تنازعاتی حل (اے ڈی آر)عالمی تناظر، ججوں کے لیے رہنما اصول” کے موضوع پر خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متبادل تنازعاتی حل کا نظام انصاف تک رسائی کو وسعت دینے، عدالتی کارکردگی بہتر بنانے اور عدالتی نظام پر عوامی اعتماد مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے عالمی تجربات اور پاکستان میں متبادل تنازعاتی حل کے فروغ کے تناظر میں اس بات پر زور دیا کہ ججوں کو جدید تنازعاتی حل کے طریقہ کار سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو بروقت، مؤثر اور عوام دوست انصاف فراہم کیا جا سکے۔اعلامیے کے مطابق تربیتی پروگرام میں عدالتی مہارت، عدالتی آداب، عدالتی اخلاقیات، ادارہ جاتی شفافیت، مقدمات کے مؤثر انتظام، ابلاغی مہارت، عدالتی ریکارڈ کی الیکٹرانک آرکائیونگ، ڈیٹا کی سالمیت اور عدالتی فیصلہ سازی سمیت مختلف اہم موضوعات پر ماہرین نے سیشنز دیےسپریم کورٹ نے کہا کہ اس بین الاقوامی پروگرام میں شرکت عالمی عدالتی مکالمے، عدالتی تعلیم کے فروغ، ادارہ جاتی تعاون کے استحکام اور علم، تجربات اور بہترین عالمی روایات کے تبادلے کے لیے سپریم کورٹ پاکستان کے پائیدار عزم کی عکاس ہے۔