پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، 14 گاڑیوں کو 2 لاکھ 87 ہزار روپے جرمانہ عائدکردیا

پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے ایک ہزار لیٹر پانی ملا ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کر دیا جبکہ ناقص دودھ سپلائی کرنے والی 14 دودھ بردار گاڑیوں پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 87 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

راولپنڈی۔ 24 جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے ایک ہزار لیٹر پانی ملا ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کر دیا جبکہ ناقص دودھ سپلائی کرنے والی 14 دودھ بردار گاڑیوں پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 87 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی موٹروے ٹول پلازہ اور مندرہ ٹول پلازہ پر ناکہ بندی کے دوران عمل میں لائی گئی جہاں مختلف اضلاع سے راولپنڈی لائے جانے والے دودھ کی سخت جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران 18 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود مجموعی طور پر 56 ہزار لیٹر دودھ کی جدید آلات کے ذریعے جانچ کی گئی جس میں متعدد گاڑیوں سے ناقص اور پانی ملا دودھ برآمد ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ ایک ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ انسانی صحت کے لیے مضر ہونے کے باعث موقع پر ہی تلف کر دیا گیا جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 14 ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں مجموعی طور پر 2 لاکھ 87 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی کے باعث بڑی مقدار میں ملاوٹی دودھ شہریوں تک پہنچنے سے روک لیا گیا جس سے ہزاروں صارفین کو غیر معیاری اور مضر صحت دودھ کے استعمال سے محفوظ بنایا گیا۔ترجمان کے مطابق دودھ بردار گاڑیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مختلف داخلی راستوں اور چیک پوائنٹس پر نگرانی اور سیمپلنگ کی جاتی ہے تاکہ شہریوں کو معیاری، خالص اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں ملاوٹی یا ناقص خوراک سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت ہو تو فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے