نائب وزیراعظم بیلاروس کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات بارے تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغزستان کے شہر شولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزینکوف سے ملاقات کی۔

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغزستان کے شہرچولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزینکوف سے ملاقات کی جس دوران باہمی دو طرفہ تعلقات کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا ۔ ہفتے کو دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں نے پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کےعزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل اور پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس جو 11 تا 12 اگست کو اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہوگا ،کے لیے بھی اپنی توقعات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو وسعت دینے، دفاع، زراعت، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کے تبادلے کے شعبوں میں اشتراک کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا اور جامع تعاون کے روڈ میپ (2027-2025) پر اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ وزیر خارجہ ریزینکوف نے امریکا۔ایران صورتحال کے دوران بات چیت کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی