مسلسل مون سون بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں سیلاب کا خطرہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ہفتہ کے روز خبردار کیا ہے کہ مسلسل مون سون بارشوں کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ہفتہ کے روز خبردار کیا ہے کہ مسلسل مون سون بارشوں کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے ،دریائے چناب کے اہم مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سنٹر (این ای او سی) کے مطابق دریائے چناب پر خانکی، قادرآباد ہیڈ اور چنیوٹ پل پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ وزیرآباد پر پلکھو نالہ بھی درمیانی سیلاب کی سطح پر بہہ رہا ہے۔دریائے سندھ پر کالا باغ، چشمہ اور تونسہ، دریائے چناب پر مرالہ اور ترمو، دریائے راوی پر بالوکی اور سدھنائی اور دریائے کابل پر نوشہرہ پر کم سطح کا سیلاب برقرار ہے۔ نالہ آئیک اور پلکھو نالہ کینٹونمنٹ پل پر بھی کم سیلاب کی صورتحال رپورٹ کی گئی۔اتھارٹی نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل پر دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ترمو بیراج پر پانی کی سطح بھی اسی مدت کے دوران درمیانے درجے کے سیلاب کی سطح تک بڑھنے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے اگلے 24سے 48 گھنٹوں میں ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی نالوں، خیبر پختونخوا کے موسمی ندی نالوں اور شمالی بلوچستان کے کچھ حصوں میں ممکنہ سیلاب سے خبردار کیا۔گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور میں شہری سیلاب کے خطرات کی پیش گوئی کی گئی ہے کیونکہ مون سون کی شدید بارشیں جاری ہیں۔اتھارٹی نے عوام کو سیلاب زدہ علاقوں کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا اور موٹر سواروں سے کہا کہ روانگی سے پہلے موسم کی پیش گوئی اور سڑکوں کی صورتحال چیک کریں۔این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ خطرے والے مقامات کی مسلسل نگرانی برقرار رکھیں، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو چوکس رکھیں اور سڑکوں کے بند ہونے کی صورت میں فوری بحالی یقینی بنائیں۔اتھارٹی نے یہ بھی متنبہ کیا کہ مون سون کے موسم میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈز، ملبے کے بہاؤ اور اچانک تیز سیلاب ایک بڑا خطرہ بنے ہوئے ہیں۔شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ دریا کے کناروں، ڈھلوانوں یا پتھروں کے گرنے اور لینڈ سلائیڈز کے خطرے والے تنگ پہاڑی راستوں کے قریب نہ رکیں۔لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سیلاب زدہ سڑکوں، ندی نالوں یا تیز بہتے پانی کو پیدل یا گاڑیوں میں عبور نہ کریں اور خبردار کیا گیا کہ اتنا کم بہتا ہوا پانی بھی لوگوں اور گاڑیوں کو بہا لے جا سکتا ہے۔این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی حکام کو الرٹ کر دیا ہے اور شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بروقت انتبا اور ایمرجنسی معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے اپ ڈیٹ رہیں۔