جرمنی، تقریب کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھ گئی، ایک شخص ہلاک، 16 زخمی

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک تقریب کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 16 افراد زخمی ہو گئے

برلن۔26جولائی (اے پی پی):جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک تقریب کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 16 افراد زخمی ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی رات کو وسطی برلن میں منعقدہ تقریب کے دوران پیش آیا۔پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 10 بجے سفید رنگ کی گاڑی ہجوم میں داخل ہو گئی۔ واقعے کے بعد تقریب فوری طور پر ختم کر دی گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر پولیس کارروائی شروع کر دی گئی۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ کچھ افراد کو چاقو کے زخم بھی آئے ہیں۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا گاڑی ہجوم میں گھسنے کے بعد کوئی دوسرا حملے بھی پیش آیا تھا۔پولیس کے مطابق ایک یا ایک سے زائد مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے جبکہ واقعے کے محرکات اور تمام حالات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔