پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقدہ مینز ایشین ہاکی 5 ایس چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان مینز ہاکی 5 ایس ٹیم کی شاندار کارکردگی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے، جہاں ٹیم نے سلور میڈل حاصل کیا اور ایف آئی ایچ ہاکی 5 ایس ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی عمان میں منعقدہ مینز ایشین ہاکی 5 ایس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی پر قومی ٹیم کو مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقدہ مینز ایشین ہاکی 5 ایس چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان مینز ہاکی 5 ایس ٹیم کی شاندار کارکردگی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے، جہاں ٹیم نے سلور میڈل حاصل کیا اور ایف آئی ایچ ہاکی 5 ایس ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے تاریخی کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سلور میڈل جیتنا، ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنا اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کرنا پاکستان ہاکی کی بحالی میں اہم سنگِ میل ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلسل محنت، پیشہ ورانہ کوچنگ اور مسلسل تعاون کے ساتھ پاکستان بین الاقوامی سطح پر مزید بڑی کامیابیاں حاصل کرتا رہے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومتِ پاکستان، پاکستان سپورٹس بورڈ، سپانسرز اور ملک بھر کے ہاکی مداحوں کا ان کی مسلسل حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ پی ایچ ایف نے پاکستان ٹیم اور عدیل کو ان شاندار کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی ۔ ایف آئی ایچ ہاکی 5 ایس ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں پوری قوم اپنی قومی ٹیم کے پشت پر کھڑی ہے۔ پاکستان نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی مہارت، عزم، ڈسپلن اور فائٹنگ سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کی مضبوط ترین ٹیموں کو شکست دی اور فائنل میں رنر اپ رہی۔ اس شاندار کارکردگی کے نتیجے میں پاکستان نے ایف آئی ایچ ہاکی 5 ایس ورلڈ کپ 2026 میں اپنی جگہ بنا لی ہے، جہاں گرین شرٹس عالمی سٹیج پر پاکستان اور ایشیا کی نمائندگی کریں گے۔ پاکستان کے لیے مزید اعزاز کی بات یہ رہی کہ پاکستانی کھلاڑی عدیل کو ٹورنامنٹ میں ان کی شاندار کارکردگی، قیادت اور بہترین کھیل کی بدولت ’’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘‘ قرار دیا گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں، کوچز، مینجمنٹ اور سپورٹ سٹاف کی محنت اور لگن کو سراہا ہے جس کے نتیجے میں یہ اہم بین الاقوامی کامیابی ممکن ہوئی۔








