امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کا مصنوعی ذہانت کے تحفظ کے لیے عالمی ٹیکنالوجی اتحاد قائم، 40 بڑی کمپنیاں شامل

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا (Nvidia) نے مصنوعی ذہانت کے نظام کو زیادہ محفوظ بنانے کے لیے اوپن سیکیور اے آئی الائنس (Open Secure AI Alliance) کے نام سے ایک عالمی ٹیکنالوجی اتحاد قائم کیا ہے، جس میں مائیکروسافٹ، ڈیل، کراؤڈ سٹرائیک، سپیس ایکس اور ہگنگ فیس سمیت تقریباً 40 معروف کمپنیاں شامل ہیں۔

سان فرانسسکو۔28جولائی (اے پی پی):امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا (Nvidia) نے مصنوعی ذہانت کے نظام کو زیادہ محفوظ بنانے کے لیے اوپن سیکیور اے آئی الائنس (Open Secure AI Alliance) کے نام سے ایک عالمی ٹیکنالوجی اتحاد قائم کیا ہے، جس میں مائیکروسافٹ، ڈیل، کراؤڈ سٹرائیک، سپیس ایکس اور ہگنگ فیس سمیت تقریباً 40 معروف کمپنیاں شامل ہیں۔

اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق کمپنی سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اتحاد کا مقصد بالخصوص اوپن سورس اور خودمختار اے آئی ماڈلز میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنا، ان کا تدارک اور مصنوعی ذہانت کے نظام کی سکیورٹی کو مضبوط بنانا ہے۔این ویڈیا نے اس کے ساتھ ہی گٹ ہب (GitHub) پر ایک اوپن سورس سافٹ ویئر ٹول بھی جاری کیا ہے، جس کے ذریعے ڈویلپرز مصنوعی ذہانت پر مبنی ایجنٹس کے رویے کی نگرانی کر سکیں گے اور غیر متوقع ہدایات یا احکامات کے امکانات کو کم کر سکیں گے۔کمپنی کے مطابق یہ اقدام اوپن اے آئی کے ماڈلز سے متعلق ایک سابقہ سکیورٹی واقعے کے بعد کیا گیا، جس میں ہگنگ فیس پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد مصنوعی ذہانت کے لیے مزید موثر سکیورٹی اقدامات کی ضرورت میں تیزی آئی۔