اقوام متحدہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں حالیہ دنوں میں بڑھتے ہوئے تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کامقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد میں اضافے پر تشویش کا اظہار
مزید خبریں
اقوام متحدہ۔28جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں حالیہ دنوں میں بڑھتے ہوئے تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور ( او سی ایچ اے )نے بیان میں کہا ہے کہ مغربی کنارے میں حملوں کی نئی لہر کے نتیجے میں گزشتہ چار دنوں کے دوران8 فلسطینی شہید ہوئے ، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ او سی ایچ اے کے مطابق گھروں، مساجد، درختوں اور زرعی ڈھانچوں کو نذرِ آتش کیا گیا، توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا یا جبکہ بعض مقامات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ اس تازہ تشدد کے باعث 10 فلسطینی خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے جمعرات سے مغربی کنارے کے متعدد علاقوں میں فلسطینیوں کی نقل و حرکت اور آمدورفت پر مزید سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہنگامی طبی سہولیات سمیت بنیادی خدمات اور اپنے روزگار کے ذرائع تک رسائی سے محروم ہو گئے ہیں۔ او سی ایچ اے کے مطابق رواں سال اب تک اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں کے1,330 سے زائد واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں، جن میں جانی نقصان، املاک کو نقصان یا دونوں شامل ہیں۔ ہفتے کے روز تک رواں سال اسرائیلی فورسز یا اسرائیلی آبادکاروں کے ہاتھوں 77 فلسطینی، جن میں 18 بچے بھی شامل ہیں شہید ہو چکے ہیں۔ او سی ایچ اے نےکہا کہ انسانی امدادی برادری شہریوں کے فوری تحفظ اور بین الاقوامی انسانی قانون اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے مکمل احترام کا مطالبہ کرتی ہے۔ تشدد کے ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔








