جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کیخلاف گھیراتنگ،سی ٹی او

سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں ردوبدل اور جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف گھیراتنگ کر دیا ۔

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں ردوبدل اور جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف گھیراتنگ کر دیا ۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران بوگس نمبر پلیٹس لگانے پر 88 موٹرسائیکلوں اور لگژری گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ یا "اپلائیڈ فار” نمبر پلیٹس کے ساتھ چلنے والی 15 ہزار 974 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نہ لگانے یا فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 9 ہزار 382 موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ نمبر پلیٹس کو ٹیڑھا، مڑا ہوا رکھنے، توڑنے یا ماڈل چھپانے پر 9 ہزار 218 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔سی ٹی او لاہور کے مطابق خصوصی مہم کے دوران معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر 50 ہزار سے زائد موٹرسائیکل اور گاڑی مالکان کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ نمبر پلیٹس میں چھیڑ چھاڑ کرنے پر کار مالکان کو 3 ہزار سے 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل سواروں کو 1 ہزار روپے جرمانہ کیا جا رہا ہے۔ بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔