انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کے 35ویں سیزن کا آغاز 22اگست سے ہوگا

انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کے35 ویں سیزن کا آغاز22اگست سے ہوگا ۔یہ مجموعی طور پر ٹاپ فلائٹ انگلش فٹ بال کا 128واں ایڈیشن ہوگاجس کے شیڈول کا اعلان 19 جون 2026 کو کیا گیا تھا۔

لندن۔28جولائی (اے پی پی):انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کے35 ویں سیزن کا آغاز22اگست سے ہوگا ۔یہ مجموعی طور پر ٹاپ فلائٹ انگلش فٹ بال کا 128واں ایڈیشن ہوگاجس کے شیڈول کا اعلان 19 جون 2026 کو کیا گیا تھا۔

ای ایس پی این کے مطابق انگلش پریمیئر لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئیں ہیں اور سیزن 35کا اختتام 30 مئی 2027 کو ہو گا۔ آرسنل کی ٹیم ای پی ایل میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی،جس نے گزشتہ سیزن میں اپنا مجموعی طور پر 14واں ای پی ایل ٹائٹل اپنے نام کیا ۔ای پی ایل کے 35 ویں سیزن کے ابتدائی روز 22 اگست کو 6 میچوں کا فیصلہ ہوگا۔انگلش پریمیئر لیگ میں 20 ٹیمیں ٹائٹل کے حصو ل کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ انگلش چیمپئن شپ سے ترقی پا کر پریمیئر لیگ میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں کووینٹری سٹی، اپسوچ ٹاؤن اور ہل سٹی شامل ہیں۔ کووینٹری سٹی نے 25 سال کے طویل عرصے بعد پریمیئر لیگ میں واپسی کی ہے جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے، جبکہ ویسٹ ہیم یونائیٹڈ، برنلے اور وولور ہیمپٹن وانڈررز خراب کارکردگی کی بنیاد پر لیگ سے باہر ہو گئی ہیں۔

رواں سیزن سے پریمیئر لیگ نے ایک اہم اور تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے میچ ڈے شرٹس کے سامنے والی جگہ پر جوئے کی کمپنیوں کی اسپانسرشپ پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد جوئے کی تشہیر کو کم کرنا ہے، تاہم یہ کمپنیاں شرٹس کی آستینوں اور ٹریننگ کٹس پر سپانسرشپ جاری رکھ سکیں گی۔ انگلش پریمیئر لیگ کے آئندہ سیزن میں شامل 20 کلبوں کی ٹیموں میں دفاعی چیمپئن آرسنل،ایسٹن ولا،بورن مائوتھ،برینٹ فورڈ،برائٹن اینڈ ہوو ایلبیئن،چیلسی،کووینٹری سٹی،کرسٹل پیلس،ایورٹن،فلہم ،ہل سٹی،اپسوچ ٹاؤن،لیدز یونائیٹڈ،لیورپول،مانچسٹر سٹی،مانچسٹر یونائیٹڈ،نیو کیسل یونائیٹڈ،ناٹنگھم فارسٹ ،ٹوٹنہام ہاٹ پوراور سنڈر لینڈشامل ہیں۔واضح رہے کہ انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کے 35 ویں سیزن کا پہلا میچ22اگست کو دفاعی چیمپئن آرسنل اور کووینٹری سٹی کی ٹیموں کے درمیان ایمرٹس سٹیڈیم ،لندن میں کھیلا جائےگا۔