صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کا الرٹ جاری،29 جولائی سے 5 اگست تک بارشوں کا امکان ہے،پی ڈی ایم اے

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کا الرٹ جاری کردیا،29 جولائی سے 5 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کا الرٹ جاری کردیا،29 جولائی سے 5 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، لیہ، بھکر، نورپور تھل، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ ،پاکپتن،بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 31 جولائی سے 3 اگست تک موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی،اسی طرح راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔ اس دوران مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ نے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے، کیونکہ بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاں اور ان سے ملحقہ نالوں کے بہا میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری آسمانی بجلی سے بچاو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں،عوام بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

مزید خبریں