وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد اور غیر جمہوری رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔
آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کیا، دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں، وفاقی وزیر احسن اقبال

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد اور غیر جمہوری رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ انتخابی مقابلہ ایک طرف پاکستان پیپلزپارٹی اور دوسری جانب پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی نمایاں کارکردگی کے درمیان تھا جسے مدنظر رکھتے ہوئے کشمیری عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ رات 9 بجے تک پیپلزپارٹی کی جانب سے کسی قسم کی شکایت سامنے نہیں آئی تاہم انتخابی نتائج سامنے آنے اور شکست کے بعد بوکھلاہٹ میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے جانے لگے جو نہ صرف انتخابی عمل بلکہ ووٹ دینے والے عوام کی توہین بھی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی گلگت بلتستان میں انتخابات جیتتی ہے تو وہ انتخابات شفاف قرار پاتے ہیں، لیکن آزاد کشمیر میں شکست کے بعد انہی انتخابات کو دھاندلی زدہ کہنا کھلے تضاد پر مبنی سیاست ہے۔
احسن اقبال نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیانات کو ’’بچگانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی وہی جمہوری روایت اپنانی چاہیے تھی جس کی مثال وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے بعد مخالفین کو مبارکباد دے کر قائم کی تھی۔انہوں نے بلاول بھٹو زرداری پر زور دیا کہ وہ سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابی نتائج کو تسلیم کریں اور جمہوری روایات کے فروغ کے لیے الزام تراشی کے بجائے مثبت اور تعمیری سیاست اختیار کریں۔
وفاقی وزیر نے گفتگو کے دوران میرپور ڈویژن کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔








