ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط،ڈگری تصدیقی نظام کو پی ایس ای بی کے ڈیجیٹل ورک فورس پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا
ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط،ڈگری تصدیقی نظام کو پی ایس ای بی کے ڈیجیٹل ورک فورس پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی)کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت ایچ ای سی کے ڈگری تصدیقی نظام کو پی ایس ای بی کے زیرِ تکمیل قومی ڈیجیٹل ورک فورس پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی اسناد کی ڈیجیٹل تصدیق کو ممکن بنانا، جامعات اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا اور فارغ التحصیل طلبہ کے لئے روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور پی ایس ای بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل جیدی سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بیان کے مطابق اس انضمام کے ذریعے طلبہ اور پیشہ ور افراد کی تعلیمی اسناد کی محفوظ اور مستند ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہوگی جس سے ڈیجیٹل افرادی قوت اور صلاحیتوں کی ترقی سے متعلق اقدامات میں شفافیت، اعتماد اور اعتبار کو فروغ ملے گا۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان کا پہلا قومی سطح کا مستند ڈیجیٹل ٹیلنٹ ذخیرہ قائم کیا جائے گا جس میں طلبہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کی تصدیق شدہ ڈیجیٹل پروفائلز شامل ہوں گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نظام سے پاکستان اور بیرون ملک آجر اداروں کو مستند اور قابلِ اعتماد افرادی قوت تک رسائی حاصل ہوگی جس سے موزوں امیدواروں کے انتخاب، بھرتی کے عمل اور پاکستانی ڈیجیٹل افرادی قوت کے لئے عالمی سطح پر روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ ایچ ای سی کے مطابق یہ اشتراک مہارتوں کے فروغ، روزگار کے بہتر مواقع اور پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے قومی ایجنڈے کے لئے مربوط اور اعداد و شمار پر مبنی نظام کی تشکیل کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔








