جاپان ، کماموٹو پریفیکچر میں 7.1 شدت کے زلزلے سے تباہی ، ہزاروں گھروں کو بجلی کی فراہمی اور ٹرین سروس معطل

جاپان کے جنوبی پریفیکچر کماموٹو میں 7.1 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی، جس سے ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ، ٹرین سروس معطل ہو گئی اور سونامی اور آفٹر شاکس کی وارننگ جاری کردی گئی تاہم سونامی کی وارننگ میں بعد ازاں نرمی کر دی گئی ۔رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے کہا کہ زلزلے کے بعد متعدد زخمیوں، عمارتوں کے منہدم …

ٹوکیو۔28جولائی (اے پی پی):جاپان کے جنوبی پریفیکچر کماموٹو میں 7.1 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی، جس سے ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ، ٹرین سروس معطل ہو گئی اور سونامی اور آفٹر شاکس کی وارننگ جاری کردی گئی تاہم سونامی کی وارننگ میں بعد ازاں نرمی کر دی گئی ۔رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے کہا کہ زلزلے کے بعد متعدد زخمیوں، عمارتوں کے منہدم ہونے اور آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں سونی اور ٹی ایس ایم سی سمیت دنیا کی سب سے بڑی کنٹریکٹ چپ میکر کمپنیوں کے پلانٹ واقع ہیں۔

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی کیوشو جزیرے پر واقع کماموٹو، ناگاساکی، کاگوشیما، فوکوکا، ساگا، اویٹا اور میازاکی پریفیکچرز کے لیے زلزلے کی وارننگ جاری کی گئی تھی اور زلزلے کے بعد ایک میٹر بلند لہر کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی تاہم زلزلے کے دو گھنٹے بعد جب سونامی کی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی تو ایجنسی کی ویب سائٹ سے الرٹ ہٹا دیا گیا ۔ایجنسی کے ترجمان نے کہا کہ ابھی تک سونامی کی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی ہے اس وجہ سے ہم مستقبل میں سطح سمندر کے حالات کے لحاظ سے سونامی کی ایڈوائزری کو نسبتاً ابتدائی مرحلے پر اٹھانے کی امید کرتے ہیں ۔

جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے کہا کہ زلزلے کے بعد متعدد زخمیوں، عمارتوں کے منہدم ہونے اور آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک زخمیوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے ، آگ لگنے ، سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچنے اور عمارتیں گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کیوشو الیکٹرک پاور نے کہا کہ زلزلے کے نتیجے میں تقریباً 40 ہزار گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جبکہ ریلوے کمپنی جے آر کیوشو نے کہا کہ اس نے اپنی تیز رفتار بلٹ ٹرینوں سمیت دیگر سروسز معطل کر دی ہیں۔جاپان کی نیوکلیئر ریگولیشن اتھارٹی نے کہا کہ علاقے میں جوہری پاور سٹیشنوں میں کوئی بے ضابطگی کی اطلاع نہیں ہے۔