پاور سیکٹر میں اصلاحات کامیاب، سرکلر ڈیٹ اور نقصانات میں نمایاں کمی

ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں کے نتیجے میں پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ اور مالی نقصانات میں نمایاں کمی آئی ہے جو توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں کے نتیجے میں پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ اور مالی نقصانات میں نمایاں کمی آئی ہے جو توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔منگل کوترجمان پاور ڈویژن نے اپنے بیان میں کہا کہ مالی سال 2023-24 میں پاور سیکٹر کا سرکلر ڈیٹ 2,393 ارب روپے تھا جو مالی سال 2024-25 میں کم ہو کر 1,614 ارب روپے رہ گیا۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ میں پاور سیکٹر کے لیے 893 ارب روپے مختص کیے گئے تھے تاہم اس میں 98 ارب روپے کی کٹوتی کر دی گئی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر بجٹ میں مختص مکمل رقم جاری کی جاتی تو سرکلر ڈیٹ مزید کم ہو کر 1,577 ارب روپے تک آ جاتا، لیکن بجٹ میں کٹوتی کے باعث موجودہ مالی سال کے دوران سرکلر ڈیٹ میں 61 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات مالی سال 2023-24 میں 591 ارب روپے تھےجو مالی سال 2024-25 میں 193 ارب روپے کی کمی کے بعد 397 ارب روپے رہ گئے۔ رواں مالی سال کے دوران ان نقصانات میں مزید کمی لاتے ہوئے انہیں 326 ارب روپے تک محدود کر دیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں پاور ڈویژن نے تقسیم کار کمپنیوں کے مجموعی نقصانات میں 265 ارب روپے کی نمایاں کمی کی ہےجس کے نتیجے میں نقصانات 591 ارب روپے سے کم ہو کر 326 ارب روپے رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات موثر ثابت ہو رہی ہیں اور ان کے مثبت نتائج تسلسل کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بجٹ میں کی گئی کٹوتی ایک وقتی مالیاتی عنصر تھانہ کہ پاور ڈویژن کی کارکردگی میں کسی کمی کا مظہر۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاور ڈویژن توانائی کے شعبے کو مالی طور پر پائیدار، موثر اور صارفین کے لیے زیادہ قابل اعتماد بنانے کے لیےاصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد جاری رکھے گا۔

 

مزید خبریں