نجکاری کمیشن بورڈ نے بیچ I ڈسکوز کے لیے تنظیم نو کے منصوبوں اور انتظامات کی سکیمز کی منظوری کی سفارش کر دی

نجکاری کمیشن (پی سی) بورڈ نے منگل کو وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی صدارت میں منعقدہ اپنے اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) کو سفارش کی ہے کہ وہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں(ڈسکوز) کے پہلے بیچ میں شامل فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو ) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی …

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):نجکاری کمیشن (پی سی) بورڈ نے منگل کو وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی صدارت میں منعقدہ اپنے اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) کو سفارش کی ہے کہ وہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں(ڈسکوز) کے پہلے بیچ میں شامل فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو ) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی نجکاری کے لیے تنظیم نو کے منصوبوں اور انتظامات کی سکیموں کی منظوری دے۔ تنظیم نو کے منصوبے اور انتظامات کی سکیمز تینوں ڈسکوز کے 31 مارچ 2026ء تک ختم ہونے والی مدت کے آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کی بنیاد پر تیار کیے گئے ہیں۔

مجوزہ فریم ورک حکومت پاکستان کے لیے بہترین مالیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس بات کو بھی کہ یہ لین دین تجارتی طور پر قابل عمل اور نجی شعبے کے متوقع سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہو۔مجوزہ انتظام کے تحت حکومت کی ملکیت میں ایک خصوصی کمپنی(ایس پی وی) قائم کی جائے گی جس میں بیچ-I ڈسکوز کے منتخب اثاثے اور واجبات منتقل کیے جائیں گے جو نجکاری میں شامل نہیں ہوں گے جس سے ایک موثر اور تجارتی طور پر قابل عمل لین دین کا ڈھانچا میسر آئے گا ۔ بورڈ کو بیچ I ڈسکوز کی نجکاری میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈسکوز بیچ I کے لیے اظہار دلچسپی (ای او آئیز) جمع کرانے کی آخری تاریخ فیسکو کے لیے 7 اگست 2026ء ہے، گیپکو کے لیے 21 اگست 2026ء ہے اور آئیسکو کے لیے 7 ستمبر 2026ء ہے ۔

ایک اور ایجنڈا آئٹم کے تحت نجکاری کمیشن بورڈ نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی آئوٹ سورسنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے دو ٹرانزیکشن کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری دی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آئوٹ سورسنگ کے لیے فنانشل ایڈوائزر مقرر کیا جا چکا ہے جبکہ لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی آئوٹ سورسنگ کے لیے فنانشل ایڈوائزرز کی تقرری کا عمل جاری ہے۔ بورڈ نے مالی سال 2024-25 تا 2026-27 کے دوران مکمل ہونے والی نجکاری کے لین دین کے لیے آر ایس ایم اویس حیدر لیاقت نعمان، چارٹرڈ اکائونٹنٹس کی تقرری کی بھی منظوری دی۔

فرم ہر مکمل ہونے والی نجکاری کے لین دین کا الگ آڈٹ کرے گی جبکہ مالی سال 2025-26 تا 2027-28 کے دوران پرائیویٹائزیشن کمیشن کے سالانہ مالی آڈٹ کے لیے بی ڈی او ابراہیم اینڈ کمپنی، چارٹرڈ اکائونٹنٹس کا تقرر پہلے ہی ایک مسابقتی بولی کے عمل کے ذریعے کیا جا چکا تھا۔بورڈ نے حکومت کے نجکاری پروگرام کو شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ طور پر منظم انداز میں نافذ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جس کا مقصد کارکردگی کو فروغ دینا، نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور حکومت اور پاکستان کے عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ قدر کا حصول ہے۔