وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ یومِ استحصال کے موقع پر متحد اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ مجوزہ سرگرمیوں پر مؤثر عمل درآمد اور ملک بھر میں عوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یومِ استحصال کشمیرکے موقع پر متحد اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے ، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ یومِ استحصال کے موقع پر متحد اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ مجوزہ سرگرمیوں پر مؤثر عمل درآمد اور ملک بھر میں عوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے 5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں ملک گیر تقریبات اور احتجاجی سرگرمیوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی وزارتوں، محکموں اور صوبائی انتظامیہ کو باہمی رابطے اور عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران شبیر احمد عثمانی، وفاقی سیکرٹری امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران علی طاہر،ایڈیشنل سیکرٹری کامران رحمان خان، جوائنٹ سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر کونسل علی اکبر خٹک، جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل سدھیر خٹک، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما امتیاز وانی اور پرویز احمد شاہ سمیت وفاقی وزارتوں، تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیرمقام نے تمام اداروں کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یومِ استحصال کے موقع پر متحد اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ مجوزہ سرگرمیوں پر مؤثر عملدرآمد اور ملک بھر میں عوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون اور قریبی رابطے کے ذریعے ان سرگرمیوں کو کامیاب بنائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کئی دہائیوں سے مظالم، جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا اور ان کے حقِ خودارادیت کے لئے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ یومِ استحصال کی تقریبات کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا پیغام دنیا تک مؤثر انداز میں پہنچایا جائے گا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے مزید اجاگر کیا جائے گا۔
انہوں نے اس قومی مقصد کے حصول میں تمام اداروں کے فعال کردار کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اجلاس کے دوران وزارتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ، وزارتِ اطلاعات و نشریات، وزارتِ دفاع، وزارتِ مواصلات، وزارتِ ریلوے، وزارتِ تعلیم، کابینہ ڈویژن، آزاد جموں و کشمیر کونسل، گلگت بلتستان کونسل، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس، لوک ورثہ، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، پاکستان پوسٹ، ایئرپورٹس سکیورٹی فورس، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور سروے آف پاکستان کے نمائندوں نے یومِ استحصال کی تقریبات کے حوالے سے اپنی تیاریوں پر بریفنگ دی۔








