"وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ہر قسم کی سہولیات اور بہتر خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔”
بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، کیو آر کوڈ کے ذریعے ان کی شکایات کے اندراج کی ڈیجیٹائیزیشن کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے، وزیراعظم

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،
کیو آر کوڈ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج کی ڈیجیٹائیزیشن کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے سفارتخانوں میں سہولیات میں اضافے، دستاویزات کے تصدیقی عمل کی ڈیجیٹائیزیشن، شکایات کے عمل کو مزید سہل بنانے اور بیرون ملک سے پاکستان میں مختلف کاموں و ادائیگیوں کیلئے ڈیجیٹل نظام کے حوالے سے وزارت خارجہ کی بریفنگ کے دوران کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں پاکستان کے سفرا ، وزارت داخلہ، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے اس حوالے سے تفصیلات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کیلئے پاور آف اٹارنی اور جائیداد کی خرید و فروخت کا نظام اور دستاویزات کے تصدیقی عمل کو آسان بنانے کیلئے کیو آر کوڈ متعارف کروایا جا چکا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج کی ڈیجیٹائیزیشن خوش آئند ہے، سفارتخانوں میں اسے آویزاں کرکے رسائی میں اضافہ کیا جائے، کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کے حوالے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی آگہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس نظام کے ذریعے شکایات کا اندراج کروا سکیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے وزارت خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں شام کی شفٹ کا حال ہی میں آغاز کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح دستاویزات کی تصدیق کی سہولت کو آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں بھی متعارف کروایا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ کورئیر کے ذریعے تصدیقی عمل متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹابیس سے منسلک کیا جا چکا ہے جس سے تصدیقی عمل مزید تیز ہوا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا اپوسٹائل کے نظام کے تحت تصدیقی عمل کو ون سٹیپ کر دیا گیا ہے، آئندہ مرحلے میں اس پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس حوالے سے این آئی ٹی بی کے تعاون سے موبائل ایپلی کیشن تیار کی جاری ہے جس میں برتھ؍ڈیتھ سرٹیفیکیٹ، میرج رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ وغیرہ جیسے دستاویز کی بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے تصدیق ممکن ہوگی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرمملکت عون چوہدری، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی








