وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کی ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

"وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔”

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےشہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کوایکس پر اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والا دہشت گرد حملہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس اور سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے جس جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، وہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کی لازوال قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں، میری دلی ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک پوری قوم اپنی بہادر پولیس، افواج پاکستان اور تمام سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ان شاء اللہ دہشت گردی کے ہر فتنے کو شکست ہوگی اور پاکستان امن و استحکام کی منزل ضرور حاصل کرے گا۔

مزید خبریں