وفاقی آئینی عدالت کے موثر نظام انصاف کے لیے عدلیہ اور وکلاء کا باہمی تعاون ناگزیر ہے، رجسٹرار حفیظ اللہ خان

"وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے رجسٹرار حفیظ اللہ خان نے کہا ہے کہ مؤثر اور مضبوط نظامِ انصاف کے لیے عدلیہ، وکلاء برادری اور دیگر قانونی اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔”

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے رجسٹرار حفیظ اللہ خان نے کہا ہے کہ موثر اور مضبوط نظام انصاف کے لیے عدلیہ، وکلاء برادری اور دیگر قانونی اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد، سندھ کے صدر ایاز حسین ٹونیو کی قیادت میں وفد کے وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے مطالعاتی دورے کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے رجسٹرار نے عدالت کے قیام کے پس منظر، اس کے آئینی دائرہ اختیار اور پاکستان کے عدالتی نظام میں اس کے منفرد کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پر وفد کو ایک جامع دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام، آئینی حیثیت، دائرہ اختیار، عدالتی نظام میں کردار اور ادارہ جاتی ترقی کو اجاگر کیا گیا۔ دستاویزی فلم میں عدالت کے مختلف ڈائریکٹوریٹس اور شعبہ جات، ان کی ذمہ داریوں، جدید انتظامی نظام اور عوام کو شفاف، موثر اور بروقت آئینی انصاف کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔بعد ازاں عدالت کے مختلف ڈائریکٹوریٹس کے سربراہان نے اپنے اپنے شعبوں کی ذمہ داریوں، انتظامی امور، جدید طریقہ کار اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد کو عدالت کے انتظامی نظام، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تحقیق، میڈیا، انسانی وسائل اور دیگر معاون شعبہ جات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس سے شرکا کو وفاقی آئینی عدالت کے انتظامی ڈھانچے اور پیشہ ورانہ نظام کے بارے میں جامع معلومات حاصل ہوئیں۔وفد نے وفاقی آئینی عدالت کے جدید انتظامی نظام، اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، شفافیت اور ادارہ جاتی ترقی کو سراہتے ہوئے عدالت کی موثر کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفد کے اراکین نے اس مطالعاتی دورے کو معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کے پروگرام عدلیہ اور وکلاء برادری کے درمیان تعاون کے فروغ اور آئینی و قانونی شعور میں اضافے کا باعث بنیں گے۔دورے کے اختتام پر وفد نے رجسٹرار وفاقی آئینی عدالت حفیظ اللہ خان کے ہمراہ یادگاری گروپ فوٹو بنوایا اور جامع بریفنگ، پرتپاک میزبانی اور معلوماتی پروگرام کے انعقاد پر عدالت کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں