پاکستان ہاکی ٹیم کا جنوبی کوریا کے خلاف چار میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا شاندار آغاز ،پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو 1-3 گولزسے شکست دے دی

"پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی کوریا کے خلاف چار میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز شاندار فتح سے کرتے ہوئے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو 3-1 گول سے شکست دے دی۔”

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی کوریا کے خلاف چار میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز شاندار فتح کے ساتھ کرتے ہوئے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو 1-3 گولزسے شکست دے دی۔

جمعرات کو اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے کوارٹر میں دو گول کئے جبکہ تیسرے کوارٹر میں ایک اور گول کر کے اپنی برتری مستحکم کر لی۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پنلٹی کارنرز پر دو گول سکور کئے جبکہ کپتان ابوبکرمحمود نے ایک فیلڈ گول کیا۔ جنوبی کوریا کی جانب سے واحد گول جی ہُن یانگ نے سکور کیا۔ ہاف ٹائم تک پاکستان کو 1-2 گولز کی برتری حاصل تھی۔ تیسرے کوارٹر کے 36ویں منٹ میں سفیان خان نے ایک اور پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری 1-3 گولزکر دی۔ جنوبی کوریا نے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی تاہم پاکستان کے مضبوط دفاع نے آخری کوارٹر میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فتح یقینی بنا لی۔ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ یکم اگست کو اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔ یہ سیریز پاکستان کی آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

مزید خبریں