انڈس ہیلتھ نیٹ ورک اور وزارت صحت کے درمیان 2 معاہدے ہوئے ہیں، حکومت نے دونوں اداروں کی حوالگی کی منظوری دی ہے، سید مصطفیٰ کمال

"وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک اور وزارتِ صحت کے درمیان دو معاہدے طے پائے ہیں، جن کے تحت متعدی بیماریوں کا ہسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔”

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک اور وزارت صحت کے درمیان 2 معاہدے ہوئے ہیں ،متعدی بیماریوں کا ہسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر "انڈس” کے حوالے کئے گئے ہیں ، حکومت نے دونوں اداروں کی حوالگی کی منظوری دی ہے۔

انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے ساتھ ایم او یو دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج وفاقی حکومت کے شعبہ صحت کے لئے ایک اہم اور تاریخی دن ہے،وزارت صحت اور انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت اسلام آباد انفیکشن ڈیزیز ہسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر کی انتظامی و طبی خدمات انڈس ہسپتال نیٹ ورک کے سپرد کر دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انفیکشن ڈیزیز ہسپتال چین جبکہ ریجنل بلڈ سینٹر جرمنی کے تعاون سے جدید سہولیات سے آراستہ تعمیر کئے گئے تھے ۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت نے مکمل شفافیت کے ساتھ تمام قانونی اور پیپرا قواعد کے مطابق آزاد کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کیں، تفصیلی فزیبلٹی اور مسابقتی عمل کے بعد انڈس ہسپتال نیٹ ورک کا انتخاب کیا گیا، ایک قابلِ عمل ماڈل وزیراعظم کو پیش کیا جس کی منظوری کے بعد آج یہ معاہدہ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف عمارتیں چلانا نہیں بلکہ عوام کو معیاری، مؤثر اور پائیدار طبی سہولیات فراہم کرنا ہے،ہمیں یقین ہے کہ یہ ہسپتال نہ صرف موجودہ معیار سے بہتر خدمات فراہم کریں گے بلکہ ایک پائیدار نظام کے تحت طویل عرصے تک عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، ہم عارضی انتظامات نہیں بلکہ ایسا مضبوط نظام قائم کر رہے ہیں جو آنے والی حکومتوں میں بھی مؤثر انداز میں کام کرتا رہے گا۔ مصطفیٰ کمال نے وزارتِ صحت کی پوری ٹیم، متعلقہ افسران اور انڈس ہسپتال نیٹ ورک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری عوامی خدمت، شفافیت اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کی ایک بہترین مثال ثابت ہوگی۔

مزید خبریں