"اسلام آباد پولیس کے زیرِ اہتمام اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز آئی-8/4 میں خواتین کی ذاتی حفاظت کے موضوع پر معلوماتی سیمینار منعقد ہوا، جس میں طالبات کو ذاتی تحفظ اور حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔”
اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام خواتین کی ذاتی حفاظت کے موضوع پر معلوماتی سیمینار کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز آئی8/4میں جمعرات کو خواتین کی ذاتی حفاظت کے موضوع پر معلوماتی سیمینار منعقد ہوا۔
ترجما ن اسلام آباد پولیس کے مطابق سیمینار میں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ سیمینار سے اسلام آباد پولیس کے ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین، ایس ایچ او تھانہ ویمن مصباح شہباز اور ایس ایچ او تھانہ انڈسٹریل ایریا اشتیاق شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آبا د پولیس خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، خواتین کا محفوظ ماحول میں زندگی گزارنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔پولیس افسران نے اپنے خطاب میں خواتین کو روزمرہ زندگی میں اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، مشکوک افراد کی نشاندہی، ہیلپ لائنز کے موثر استعمال اور قانونی حقوق سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اطلاع اور احتیاطی اقدامات سے جرائم کی روک تھام میں نمایاں مدد مل سکتی ہے۔ اسلام آباد پولیس خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جدید سہولیات اور موثر پولیسنگ کو فروغ دے رہی ہے۔ خواتین کو یقین دلایا گیا کہ کسی بھی ہنگامی یا غیر معمولی صورتحال میں پولیس فوری مدد فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ایس ایچ او مصباح شہباز کو اسلام آباد میں کسی عام پولیس اسٹیشن کی سربراہی کرنے والی پہلی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہے، جو خواتین کی قیادت کے حوالے سے پولیس محکمے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ایس پی سٹی نے شرکا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ الرٹ رہیں اور ضرورت پڑنے پر پولیس کی امدادی خدمات سے استفادہ کریں۔








