چیئرمین ایچ ای سی کی جرمنی کی سفیر اینا لیپل اور جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس کے نمائندوں سے ملاقات

"چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل اور جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں اعلیٰ تعلیم، تعلیمی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔”

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل اور جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس (ڈی اے اے ڈی) کے نمائندوں سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران فیکلٹی ایکسچینج پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اساتذہ کے تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور پاکستانی طلبہ کے لیے بین الاقوامی تعلیمی مواقع میں اضافے کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اس موقع پر کہا کہ ایچ ای سی عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے بین الاقوامی تعلیمی شراکت داریوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان جامعاتی تعاون، اساتذہ اور محققین کے تبادلے اور مشترکہ تحقیق سے دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کو فائدہ پہنچے گا اور پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم اور تحقیق سے استفادہ کرنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔جرمن سفیر اور ڈی اے اے ڈی کے نمائندوں نے بھی دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں جاری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین ایچ ای سی نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تعلیمی تعاون کے سلسلے میں جرمنی کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان علمی و تحقیقی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں