"نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان میں منعقد ہونے والے پہلے ’’ٹی اے ایف-اے بی ایل پبلک سیکٹر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایوارڈز 2026‘‘ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین اہم ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔”
نادرا نے ڈیجیٹل شعبے میں شاندار کامیابیوں پر تین ایوارڈ حاصل کر لئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان میں منعقد ہونے والے پہلے ’’ٹی اے ایف-اے بی ایل پبلک سیکٹر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایوارڈز 2026 ‘‘ میں تین اہم ایوارڈز حاصل کئے ہیں۔

یہ ایوارڈز ٹیک ایڈوائزری فورم اور الائیڈ بینک لمیٹڈ کی جانب سے اگنائٹ، نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ اور پاکستان سنگل ونڈو کے اشتراک سے منعقد کئے گئے جن کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے سرکاری اداروں اور منصوبوں کی خدمات کا اعتراف تھا۔ ترجمان نادرا کے مطابق نادرا کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر ’’سٹیزن ایکسپیرئنس آف دی ایئر‘‘ اور پاکستان آن لائن ویزا سسٹم پر ’’ایکسیلینس اِن ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن‘‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اسی طرح نادرا کے ذیلی ادارے نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ (این ٹی ایل) کو ای سہولت پر ’’فن ٹیک سلوشن آف دی ایئر‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے ایک تقریب کے دوران یہ ایوارڈز دئیے۔ تقریب میں اہم حکومتی عہدیداروں اور ٹیکنالوجی ماہرین کے علاوہ ترقیاتی اور صنعتی شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ یہ ایوارڈز پاکستان میں ڈیجیٹل اور عوام دوست خدمات کے فروغ اور ایک جدید، ڈیجیٹل پاکستان کے قیام کے سلسلے میں نادرا کی نمایاں خدمات کا اعتراف ہیں۔








